سبسکرپشن میں کمی ، نیٹ فلیکس نے مزید 300 ملازمین فارغ کر دیے

معروف اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے سبسکرپشن میں کمی اور بڑھتی مسابقت کے سبب مزید 300 ملازمین کو نوکری سے نکالنے کا اعلان کردیا۔

گزشتہ ماہ مئی میں 150 ملازمین کو فارغ کرنے کے بعد نیٹ فلکس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مزید 300 ملازمین کو نوکری سے نکالا جارہا جوکہ اس کی زیادہ تر امریکا میں موجود افرادی قوت کا تقریباً 4 فیصد بنتا ہے۔

رواں برس اپریل میں نیٹ فلکس کے سبسکرائبرز کی تعداد میں تقریباً ایک دہائی میں پہلی بار بڑی کمی آئی تھی جس کے بعد مئی میں نیٹ فلکس نے تقریباً 150 ملازمین کو فارغ کر دیا تھا۔

نیٹ فلکس کی جانب سے اب اپنی سروس میں اشتہارات شامل کرنے پر غور اور سبسکرائبرز کی تعداد بڑھانے کے لیے پاس ورڈ شیئرنگ پر کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔

نیٹ فلکس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ہم کاروبار میں نمایاں طور پر سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم ہم نے یہ فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ ہماری آمدنی میں اضافہ سست ہے اور اس کے مقابلے میں لاگت زیادہ بڑھ رہی ہے۔

اگرچہ نیٹ فلکس کے عالمی سطح پر 22 کروڑ سبسکرائبرز ہیں اور یہ آن لائن اسٹریمنگ مارکیٹ کا سرفہرست کھلاڑی ہے تاہم اسے حالیہ برسوں میں ’ڈزنی پلس‘ اور ایمیزون کے ’پرائم ویڈیو‘ جیسے حریف پلیٹ فارمز کے آغاز کے سبب سخت مقابلےکا سامنا ہے۔

 

حال ہی میں نیٹ فلکس نے امریکا، برطانیہ اور دیگر جگہوں پر سبسکرپشن چارجز میں اضافے کا سلسلہ بھی شروع کیا جس کے سبب اس کے صارفین کی تعداد میں کمی آئی۔

نیٹ فلکس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں برس کے آغاز میں 2 لاکھ سبسکرائبرز کی کمی کے بعد جولائی تک اس کے سبسکرائبرز کی تعداد میں مزید 20 لاکھ کی کمی آسکتی ہے۔

کینٹار ریسرچ فرم کے سروے میں صارفین کی جانب سے اسٹریمنگ سروس کو منسوخ کرنے کی بنیادی وجہ پیسے کی بچت بتائی جاتی ہے۔

کمپنی کے شریک چیف ایگزیکٹو ٹیڈ سارینڈوس نے کانز میں ایک کانفرنس میں بتایا کہ نیٹ فلکس، ایڈورٹائزمنٹ پارٹنرشپ کے حوالے سے بہت سی کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نیٹ فلکس پر تمام صارفن کے لیے اشتہارات شامل نہیں کر رہے بلکہ یہ صرف ان صارفین کے لیے ہوگا جو کم سبسکرپشن چارجز کے عوض اشتہارات سمیت نیٹ فلکس کی سروس حاصل کرنے پر راضی ہیں۔

Read Previous

ترک صدر ایردوان کا آگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

Read Next

سعودی شہریوں کے عمرہ کرنے پر عارضی پابندی عائد

Leave a Reply