Turkiya-Logo-top

ترکیہ میں جنگلاتی آگ بے قابو، موغلا سمیت کئی صوبے متاثر

ترکیہ میں جنگلاتی آگ کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے جہاں شدید گرمی، خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں آگ پھیل گئی ہے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں جنوب مغربی صوبہ موغلا شامل ہے جہاں صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن جاری ہے۔

حکام کے مطابق موغلا کے سیدیکمیر ضلع کے بائر محلے میں زرعی علاقے سے شروع ہونے والی آگ تیز ہواؤں کے باعث قریبی جنگلات تک پھیل گئی۔ آگ کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ قریبی اسپتال کے کچھ حساس یونٹس بھی احتیاطی طور پر خالی کرا لیے گئے۔

موغلا انتظامیہ کے مطابق احتیاطی اقدامات کے تحت 43 گھروں سے 65 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ آگ کے مقام کے قریب واقع سیدیکمیر اسٹیٹ اسپتال کے انتہائی نگہداشت اور پالی ایٹو کیئر یونٹس کو بھی عارضی طور پر خالی کرایا گیا تاکہ مریضوں اور عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

شدید دھویں اور محدود حدِ نگاہ کے باعث انطالیہ-سیدیکمیر شاہراہ کو بھی کچھ وقت کے لیے بند کیا گیا، جس سے علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

موغلا میں جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق فائر فائٹنگ آپریشن میں 5 طیارے، 18 ہیلی کاپٹر، 93 فائر ٹرکس، 24 واٹر ٹینکرز، تعمیراتی مشینری، ایمبولینسز اور دیگر امدادی گاڑیاں شامل ہیں۔

اس آپریشن میں 800 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں، جو آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھنے میں مصروف ہیں۔

ترکیہ کے جنوبی صوبے انطالیہ کے کملوجا ضلع میں بھی جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی، جس نے مقامی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات پر مجبور کر دیا۔

یازیر محلے کے جنگلاتی علاقے میں لگی آگ تیز ہواؤں کے باعث مزید پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوا۔ حکام نے خطرے کے پیش نظر قریبی گھروں کو خالی کرانا شروع کر دیا، جبکہ جنڈرمیری اہلکاروں کی نگرانی میں مقامی افراد اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا فائر فائٹرز ہیلی کاپٹروں اور فائر گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مغربی صوبے بالکیسر کے ضلع ایڈریمٹ میں جنگلات اور زیتون کے باغات والے علاقے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد محکمہ جنگلات کی ٹیمیں کارروائیوں میں مصروف ہو گئیں۔

اسی طرح شمال مغربی ترکیہ کے صوبہ یالووا کے ارمتلی ضلع اور کوتہیہ کے دومانیچ ضلع میں بھی آگ سے نمٹنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

یالووا میں آگ ایسے علاقے میں لگی جہاں جنگلات کے ساتھ پستہ اور زیتون کے درخت موجود ہیں، جبکہ کوتہیہ میں زرعی علاقے سے شروع ہونے والی آگ تیز ہواؤں کے باعث جنگلات تک پہنچ گئی۔

ترک حکام کے مطابق موسم گرما کے دوران شدید گرمی، طویل خشک سالی اور تیز ہواؤں کے باعث جنگلاتی آگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
حکام نے جنگلاتی علاقوں میں داخلے پر عارضی پابندیاں عائد کی ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں جن سے آگ لگنے کا خطرہ ہو
انتظامیہ کے مطابق کھلے مقامات پر آگ جلانا، زرعی فضلہ جلانا اور سگریٹ کے ٹکڑے پھینکنا جنگلاتی آگ کی بڑی وجوہات میں شامل ہو سکتے ہیں۔

Read Previous

بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کا کامیاب ریسکیو آپریشن، آٹھ ایرانیوں سمیت 19 ماہی گیروں کو بچا لیا گیا

Read Next

افغان طالبان کا شادیوں سے متعلق نیا حکم نامہ، میک اپ، پرفیوم، انگوٹھیوں کے تبادلے اور موسیقی پر مزید پابندیاں

Leave a Reply