Turkiya-Logo-top

بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کا کامیاب ریسکیو آپریشن، آٹھ ایرانیوں سمیت 19 ماہی گیروں کو بچا لیا گیا

پاکستان بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب امدادی کارروائی کرتے ہوئے گوادر سے تقریباً 120 ناٹیکل میل جنوب میں انجن خراب ہونے کے باعث سمندر میں پھنس جانے والی ماہی گیر کشتی "الجلالی” پر سوار آٹھ ایرانیوں اور گیارہ پاکستانیوں سمیت 19 افراد کو بحفاظت بچا لیا۔

پاک بحریہ کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ڈی جی پی آر) کے مطابق ریسکیو آپریشن جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے ذریعے مربوط کیا گیا، جس کے بعد جنگی جہاز پی این ایس تیمور نے خراب مون سون موسم کے باوجود کشتی تک پہنچ کر تمام افراد کو خوراک، پینے کا صاف پانی اور طبی امداد فراہم کی، پھر کشتی کو محفوظ طریقے سے ساحل تک ٹو کر دیا۔

پاک بحریہ کے مطابق یہ آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ، ہنگامی حالات میں فوری ردِعمل اور بحریہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظہر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائی پر پاکستان بحریہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن مسلح افواج کے انسانی جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کی بہترین مثال ہے، جبکہ صدر آصف علی زرداری نے بھی بروقت امدادی کارروائی کو پاکستان بحریہ کی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے وابستگی کا عملی اظہار قرار دیا۔

یہ ریسکیو آپریشن ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان حالیہ مہینوں کے دوران سمندری امدادی اور انسانی ہمدردی کی متعدد کارروائیوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، جن میں پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی بحفاظت امداد اور وطن واپسی بھی شامل ہے۔

Read Previous

یہ اپنے ہی لوگوں کی گولیوں سے زخمی ہوتے ہیں اور الزام پولیس پر لگا دیتے ہیں ، ترجمان آزاد کشمیر پولیس

Read Next

ترکیہ میں جنگلاتی آگ بے قابو، موغلا سمیت کئی صوبے متاثر

Leave a Reply