دنیا میں سماجی رابطوں کے لیے مقبول ترین ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سہولت کے پیش نظر آئندہ چند روز میں نئے فیچرز متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واٹس ایپ انتظامیہ نے اپنی بلاگ پوسٹ میں اعلان کیا ہے کہ انتظامیہ نے صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور رابطوں میں آسانی کے لیے آئندہ ہفتے تک پانچ نئے فیچرز شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمپنی ہمیشہ سے اپنے صارفین کی آسانی کے لیے جدید فیچرز متعارف کرواتی رہتی ہے ۔ نئے متعارف کروائے جانے والے فیچرز میں اینیمیٹڈ اسٹیکرز ، کیو آر کوڈز ، ڈارک موڈ فار ڈیسک ٹاپ ، گروپ ویڈیو کالز اور اسٹیٹس کمز کائی اور ایس شامل ہیں ۔
متحرک اسٹیکرز
اینیمیٹڈ اسٹیکرز کے ذریعے بہتر طریقے سے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے صارفین کے لیے نیو اینیمیٹڈ اسٹیکرز کا پیک شامل کیا جارہا ہے۔ واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیچر سے صارفین کو اپنی بات دوسروں تک پہنچانے میں آسانی ہو گی ۔
کیو آر کوڈز
واٹس ایپ انتظامیہ کے مطابق نئے کانٹیکٹس کو آسانی سے ایڈ کرنے کے لیے نیا کیو آر کوڈ متعارف کرایا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے صارف کسی دوسرے صارف کے کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے کانٹیکٹس میں شامل کرسکے گا، یعنی فون نمبر کو ٹائپ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ڈارک موڈ
واٹس انتظامیہ کے بلاگ پوسٹ کے مطابق واٹس ایپ کا ڈارک موڈ موبائل ایپ میں تو شامل ہوگیا ہے لیکن اب یہ سہولت واٹس ایپ ویب میں بھی فراہم کی جائے گی ۔ جس کے بعد واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ کی بلیک اسکرین ہوگی۔
گروپ ویڈیو کالز
واٹس ایپ انتظامیہ نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ گروپ ویڈیو کالز کے لیے بھی نئے فیچرز شامل کئے گئے ہیں ۔ جس کے تحت صارف کال میں شریک دوسرے صارف کے آئیکون کو کچھ دیر تک دبا کر فل اسکرین میں دیکھ سکے گا۔
اسی طرح گروپ چیٹس میں ایک ویڈیو آئیکون بھی دیا جائے گا تاکہ سنگل کلک سے گروپ ویڈیو کال شروع کی جاسکے لیکن یہ ان گروپس میں ہی نظر آئے گا جس میں لوگوں کی تعداد 8 یا اس سے کم ہوگی۔
اسٹیٹس کمزکائی آپریٹنگ سسٹم
واٹس ایپ انتظامیہ کے مطابق اسٹیٹس کمز آپریٹنگ سسٹم کی مدد سے صارفین اس مشہور فیچر سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں جو 24 گھنٹوں کے بعد غائب ہوجانے والی اپ ڈیٹس کو شیئر کرے گا۔
واٹس ایپ کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کے لیے یہ تمام فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں واٹس ایپ کے جدید ورژن میں شامل کردیے جائیں گے۔