
صدر ایردوان کا کہنا ہے کہ ہم زلزلہ زدہ اضلاع کو تھوڑے عرصے میں دوبارہ اپنےپیروں پر کھڑا کر دیں گے۔
صدر ایردوان نے نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی کے چئیر مین دیولت باہیلی اور عظیم اتحاد پارٹی کے چئیر مین مصطفی دیچی کے ہمراہ ضلع ملاطیہ کی تحصیل دوعان میں جاری امدادی سر گرمیوں کا دورہ کیا۔
عوام سے خطاب کرتےہوئے صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اس وقت انسانی تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی آفات میں سے ایک کا سامنا کر رہا ہے۔ ہم نے، اپنے وزراء، حکومتی اداروں، رضاکاروں اور سب سے بڑھ کر اپنی ملّت کی پُر خلوص کوششوں کی مدد سے، حالات پر جلد قابو پا لیا ہے۔
صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ ہر طرح کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہم زلزلہ زدگان کے ساتھ ہیں۔ ہم ایسی تمام رہائشی عمارتوں کو، جن سے ہمارے شہریوں کی جان کو خطرہ ہے، گِرا نے اور زیادہ مضبوط زمین پر تعمیر کر کے اپنے شہریوں کے حوالے کرنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہم زلزلے سے متاثرہ اضلاع کو مختصر ترین مدت میں دوبارہ سے بحال کر دیں گے۔ ہم ماضی میں متعدد دفعہ ایسا کر چُکے ہیں۔
الازی، ملاطیہ، ازمیر، دُزجے اور وان کے زلزلوں میں، انطالیہ اور مُولا کی آگ کی آفات میں، قاستامونو، سینوپ، بارطن اور گیریسون میں سیلاب کی آفات میں علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم PKK کے حملوں کے بعد ملبے کا ڈھیر بننے والے اضلاع اور تحصیلوں کو ہم نے دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا ہے۔ ہم نے اپنے شہریوں سے کئے گئے وعدوں کو ہمیشہ پورا کیا ہے۔