
صدر رجب طیب ایردوان نے ترکمانستان کو ترکک کونسل میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔
ترکمانستان کے 25 ویں یوم آزادی پر اپنے پیغام میں صدر ایردوان نے کہا کہ آزادی سے اب تک ترکمانستان کا کردار انتہائی غیر جانبدار رہا ہے۔ وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان تعاون میں ترکمانستان نے اہم کردار ادا کیا جبکہ خطے میں دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی اداروں کے ساتھ بھی ترکمانستان کے تعلقات انتہائی خوشگوار ہیں۔ انہوں نے کہا میری خواہش ہے کہ ترکمانستان کو جتنا جلد ممکن ہو سکے ترکک کونسل میں شامل کیا جائے۔
ترکی پہلا ملک تھا جس نے سب سے پہلے ترکمانستان کی آزادی کو تسلیم کیا۔ 1995 اور 2015 کی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی ترکی نے سب سے پہلے حمایت کی جس میں ترکمانستان کو ایک غیر جانبدار ریاست کے طور پر تسلیم کیا گیا۔
ترکمانستان اپنے قیام سے اب تک اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی پاسداری کرتا آیا ہے اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی ترکمانستان کا تعاون قابل تعریف رہا۔ یہی وجہ ہے کہ ترکمانستان نے اپنی غیر جانبدار ریاستی پالیسی کو بہتر انداز میں عملی جامہ پہنایا۔
صدر ایردوان نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لئے بھی ترکمانستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔
ترکمانستان نے اپنے عوام کے لئے ٹرانسپورٹ، توانائی، صنعت و تجارت، صحت عامہ اور ماحولیات میں بہترین پالیسیاں اختیار کیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود ترکی اور ترکمانستان کے درمیان باہمی تجارت میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔