ترکی کے شہر استنبول میں واقع علاقے سلطان غازی میں ایک شخص نے سردی سے ٹھٹرتے کبوتر کو ہیئر ڈرایئر سے خشک کر کے سب کے دل جیت لیے ۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے شہر استنبول کے شمال مغربی علاقے میں واقع ضلع سلطان غازی کے رہائشی شخص نے گھر کے چھجے پر کبوتر کو بیٹھے ہوئے دیکھا۔
سبھاتن یلمیز نامی شہری نے بتایا کہ اُس روز بہت زیادہ سردی تھی اور کبوتر ایک ہی جگہ اکڑا ہوا بیٹھا تھا، مجھے محسوس ہوا کہ شاید یہ سردی سے جم گیا ہے۔
سبھاتن نے کبوتر کو پکڑنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے جسے کے بعد انہوں نے ہیئرڈرایئر (گیلے بال خشک کرنے والی مشین) نکالی اور اس کو چلا کر کھڑکی سے لٹک کر کبوتر پر گرم ہوا مارنے لگے۔
انہوں نے 15 منٹ سے زائد وقت تک کبوتر پر گرم ہوا پھینکی جس کے بعد وہ نہ صرف چلنے کے قابل ہوا بلکہ اُس نے باجرہ کھایا اور پھر وہاں سے اڑ کر دوسری جگہ پر چلا گیا۔
سبھاتن کے پڑوسی نے جب یہ منظر دیکھا تو اُن کی ویڈیو بنا لی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
انٹرنیٹ پر ویڈیو وائرل ہوئی تولوگوں نے سبھاتن کو سراہا اور انہیں رحم دل کے اعزاز سے بھی نوازا۔