turky-urdu-logo

ترکی: نئی برآمدی پالیسی تیار، ایکسپورٹرز کو تربیت دینے کا فیصلہ

حکومت نے برآمدی شعبے کی پیداواری اور ایکسپورٹس کی صلاحیت بڑھانے کے لئے ملک بھر میں ایک خصوصی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترک وزیر تجارت روحسار پیکجن نے نئی برآمدی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ویلیو ایڈڈ ایکسپورٹس بڑھانے کے لئے کمپنیوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور برآمد کنندگان کو نئے رجحانات پر تربیت دینے کا ایک پروگرام تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجرباتی طور پر پہلا پروگرام چار صوبوں میں شروع کیا جائے گا۔ مغربی صوبے منیسہ، وسطی صوبے قونیہ، کراہامن مارس اور ادنہ کو منتخب کیا گیا ہے۔

ترکی کے 40 صوبوں کی 7،277 کمپنیوں کو تربیت دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی کمپنیاں ایسی ہیں جو بہتر پیداواری صلاحیت رکھتی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنی مصنوعات برآمد کرنے میں ناکام ہیں۔

دوسرے مرحلے میں حکومت 41 صوبوں کی 11،444 کمپنیوں کو تربیت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایکسپورٹس کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہیں اس تربیتی پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

نئی برآمدی پالیسی کے تحت کمپنیوں کو تکینکی معلومات کے لئے مشیر فراہم کئے جائیں گے۔ بڑی کمپنیوں کے لئے علیحدہ سے تربیت یافتہ مشیر رکھے جائیں گے۔ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے گروپ بنا کر انہیں بین الاقوامی مارکیٹ کے نئے رجحانات اور اپنی مصنوعات کو مزید بہتر بنانے کے لئے تربیت دی جائے گی۔

تکنیکی مشیر ان کمپنیوں کو چھ ماہ کی تربیت دیں گے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ترک کمپنیاں ہائی ٹیک مصنوعات تیار کریں تاکہ امیر ممالک میں ترکی اپنی ایک مارکیٹ بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے اختتام پر تمام کمپنیوں کا ایک تجزیاتی جائزہ لیا جائے گا جس میں یہ دیکھا جائے گا کہ تربیت کے بعد کمپنیوں کی مارکیٹنگ اور پیداواری صلاحیت کے ساتھ ساتھ ان کی تیار مصنوعات کے معیار میں کیا فرق آیا ہے۔

2019 میں ترکی نے 171 ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کی تھیں۔ رواں سال کے پہلے دس ماہ میں 135.65 ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کی گئیں۔

Read Previous

ترک شہری نے رحم دلی کی مثال قائم کر دی

Read Next

فوج کے کسی یونٹ کا پرچم اس کے آخری سپاہی تک زمین پر نہیں گر سکتا، صدر ایردوان

Leave a Reply