امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ روس اور چین عالمی سطح پر امریکہ سے اس کی فوجی برتری چھیننا چاہتے ہیں۔
اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملک دنیا بھر میں امریکہ کے اتحادیوں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں۔
مارک ایسپر نے کہا کہ امریکہ اور اسے اتحادیوں کی طاقت کا مقابلہ کرنا مخالفین کے لئے کسی صورت ممکن نہیں ہے۔ اس وقت روس اور چین کے دنیا بھر میں اتحادیوں کی تعداد محض 10 ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی فوجی برتری خام خیالی نہیں ہے۔ امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو معمولی نہیں سمجھتا۔ روس اور چین تیزی سے اپنی مسلح افواج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کر رہے ہیں۔ اپنی طاقت بڑھانے کے لئے وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ وہ چھوٹے ممالک کا استحصال کر کے انہیں اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مارک ایسپر نے خاص طور پر چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے جنوبی سمندر میں نیا جزیرہ بنا رہا ہے تاکہ اپنی بحری طاقت کا لوہا منوا سکے۔ دوسری طرف روس یوکرین کے علاقے کرائمیا پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔
دونوں ملک چھوٹی ریاستوں کی خود مختاری کو چیلنج کرتے ہوئے انہیں اپنے ساتھ ملانا چاہتے ہیں
مارک ایسپر نے واضح کیا کہ دونوں ملک امریکہ کی فوجی طاقت کا غلط اندازہ لگاتے ہوئے اس کے اہم اتحادی ممالک کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر رہے ہیں جو انہیں بہت مہنگی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اسی طرح کی کوشش نیٹو کے ساتھ بھی کی جا رہی ہے۔