ترکی ڈیفنس انڈسٹریز پریذیڈنسی کے سربراہ اسماعیل دمیر نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں سے ترکی کی ترقی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترک وزارت دفاع، ترک مسلح افواج اور دفاعی کمپنیاں امریکی پابندیوں سے مستثنیٰ ہیں۔ امریکہ نے صرف حکومت کے ایک ادارے ڈیفنس انڈسٹریز پریذیڈنسی پر پابندی عائد کی ہے۔
اسماعیل دمیر نے کہا کہ امریکہ اور ترکی کے درمیان جو معاہدے طے ہو چکے ہیں وہ تمام ان پابندیوں سے آزاد ہیں اور ان پر پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوتا۔
امریکی پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان نے سر جھکانے سے انکار کر دیا تھا جس پر یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ نے روس سے S 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کی خریداری پر ترکی پر پابندیاں لگائی ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے "کاوٗنٹرنگ امریکہ ایڈورسریز تھرو سینکشنز ایکٹ (سی اے اے ٹی ایس اے)” کے تحت اسماعیل دمیر اور چار دیگر حکام پر پابندی لگائی ہے۔
اسماعیل دمیر نے کہا کہ روس کا ایئر ڈیفنس سسٹم جدید ترین ہے اور ترکی کی دفاعی ضروریات کے لئے انتہائی اہم ہے۔
ترکی نے اپریل 2017 میں روس سے S 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا اور دو سال بعد 2019 میں روس نے یہ سسٹم ترکی کے حوالے کر دیا تھا۔