Turkiya-Logo-top

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کے زیر اہتمام فیفا ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) کے اشتراک سے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے تیاریوں کے باضابطہ آغاز کے لیے ایک خصوصی اور پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس ایونٹ کا مقصد دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کے ذریعے پاکستان اور امریکہ کے درمیان ثقافتی، سفارتی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

تقریب میں سفارتکاروں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، نجی شعبے کے نمائندوں اور حکومتی عہدیداران سمیت تقریباً 150 مہمانوں نے شرکت کی۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 صرف ایک کھیل نہیں بلکہ دنیا بھر کے ممالک کو جوڑنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر اس تاریخی ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے، جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ان کے مطابق یہ ایونٹ نہ صرف کھیلوں کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہوگا بلکہ لاکھوں شائقین کو شمالی امریکہ کی جانب متوجہ کرے گا اور بین الاقوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نیٹلی بیکر نے مزید کہا کہ امریکہ اسپورٹس ڈپلومیسی کے ذریعے دنیا بھر میں تعاون اور دوستی کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کی قومی ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی، تاہم ملک میں فٹبال کے لیے بڑھتا ہوا جذبہ انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان کے شائقین کو بھی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا۔

انہوں نے امریکی انتظامیہ کی عالمی کھیلوں کے انعقاد کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مزید تعاون کی امید ظاہر کی۔
تقریب کے دوران شرکاء نے دوستانہ پنالٹی کِک چیلنج میں بھی حصہ لیا
پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹبال کی خصوصی رونمائی بھی کی گئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر تحائف کا تبادلہ بھی ہوا جبکہ کوکا کولا کی جانب سے پاکستان ویمنز نیشنل فٹبال ٹیم کی کھلاڑیوں کو خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔

Read Previous

پاکستان نے سعودی عرب میں جنگی طیارے اور ہزاروں فوجی تعینات کر دیے

Read Next

صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ، پاکستان سمیت 10 ممالک کی شدید مذمت

Leave a Reply