Turkiya-Logo-top

امریکہ کی 250ویں سالگرہ: پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی اسٹریٹجک شراکت داری قرار دے دیا

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں امریکہ کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی یاد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی اور مستقبل کی شراکت داری پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یہ تاریخی موقع آزادی، انسانی وقار اور حق خود ارادیت جیسے عالمی اصولوں کی علامت کے طور پر منایا گیا جبکہ تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور تعلقات کے نئے دور کو نمایاں کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے اعلان آزادی کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں پاک امریکہ تعلقات میں نمایاں اور مثبت تبدیلی آئی ہے

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اب ایک مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کی شکل اختیار کر چکے ہیں جو باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور سلامتی و خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہے

نیٹلی بیکر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پالیسیوں اور قیادت نے پاک امریکہ تعلقات کو نئی سمت دی اور اعلیٰ سطحی روابط کو مزید مستحکم کیا

انہوں نے اس بات کو بھی سراہا کہ اسلام آباد نے ایران اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات کی میزبانی کی جس سے پاکستان کی سفارتی اہمیت مزید اجاگر ہوئی۔ ان کے مطابق پاکستان دونوں فریقوں کے ساتھ تعلقات رکھنے کی وجہ سے ایک منفرد کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تقریب کے دوران امریکی ناظم الامور نے پاکستان کے مختلف علاقوں کے دوروں کو یادگار قرار دیا۔ انہوں نے لاہور کے تاریخی بسنت میلے کی بحالی میں شرکت کو اپنے سفارتی کیریئر کے اہم تجربات میں شمار کیا۔ اسی طرح سندھ کے مختلف علاقوں میں عوامی مہمان نوازی، ثقافتی تنوع اور مقامی ترقی کے حوالے سے پاک امریکہ تعاون کو بھی سراہا۔

انہوں نے کھیلوں کو سفارت کاری کا ایک مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کردار عالمی کھیلوں میں بھی نمایاں ہے کیونکہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں استعمال ہونے والے فٹبال پاکستان میں تیار کئے جا رہے ہیں جو دنیا بھر میں پاکستانی ہنر اور مہارت کی عکاسی کرتی ہیں۔

نیٹلی بیکر نے کہا کہ جب دنیا بھر کے شائقین اس عالمی ایونٹ کو دیکھیں گے تو وہ پاکستان کی صنعت اور کاریگری کی بہترین مثال بھی دیکھ رہے ہوں گے۔

تقریب میں آزادی، جمہوریت اور مواقع کی علامت کے طور پر پاکستانی فنکاروں اور طلبہ کی جانب سے تیار کردہ 16 لبرٹی بیل کے ماڈلز بھی نمائش کے لیے پیش کیے گئے جو امریکی سفارت خانے کے لنکن کارنر نیٹ ورک کے تحت تیار کیے گئے تھے۔

اپنے اختتامی خطاب میں نیٹلی بیکر نے پاک امریکہ تعلقات کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری کا سب سے اہم اور مضبوط دور ابھی شروع ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی امریکہ اپنے سنہری دور میں داخل ہو رہا ہے اسی طرح پاک امریکہ تعلقات کا نیا باب بھی ترقی اور تعاون کے نئے امکانات کے ساتھ سامنے آ رہا ہے

Read Previous

بھارت میں سکھ مخالف فسادات کے 42 برس مکمل، سکھ برادری آج بھی انصاف کی منتظر

Read Next

کاکروچ جنتا پارٹی کا پہلا بڑا احتجاجی مظاہرہ، سینکڑوں افراد کی شرکت

Leave a Reply