امریکی نائب صدر کمالا ہیرس نے اسرائیل کی سیکیورٹی کے لئے غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے کہا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے امریکہ اسرائیل کی سیکیورٹی کا ضامن ہے۔
وہائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل امریکہ پارٹنرشپ کو مزید مستحکم بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ایران کے جوہری پروگرام سمیت خطے میں ایران کے بڑھتے ہوئے خطرات پر بات کی۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ایران خطے کی سیکیورٹی کے لئے بہت بڑا رسک بن گیا ہے۔
بنجمن نتن یاہو نے امریکی نائب صدر سے مطالبہ کیا کہ امریکہ ایران کے ساتھ 2015 کی طرز کا کوئی معاہدہ نہ کرے کیونکہ ایران کسی بھی معاہدے پر عمل درآمد نہیں کر رہا ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ ایران کے مسئلے کے حل کے لئے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ایران کے ساتھ نیا جوہری معاہدہ کرنے کا اشارہ دیا تھا جس پر اسرائیل اور خطے میں دیگر ممالک کو تشویش ہے۔
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اسرائیل عالمی برادری کا انتظار کئے بغیر ایران سے اکیلا خود ہی نمٹ لے گا۔