اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ابھی تک شہزادی شیخا لطیفہ کے زندہ ہونے کا کوئی ثبوت نہیں دیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمشنر سے کہا تھا کہ برطانیہ کو متحدہ عرب امارات کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی بیٹی شہزادی شیخا لطیفہ کی زندگی پر شدید تحفظات ہیں۔
اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمشنر نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کو شہزادی شیخا لطیفہ کے زندہ ہونے کے ثبوت مانگے تھے جو ابھی تک فراہم نہیں کئے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان رابرٹ کولوائل نے میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نے ابھی تک شیخا لطیفہ سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔
گذشتہ ماہ فروری میں بی بی سی نے شہزادی شیخا لطیفہ کی ایک ویڈیو نشر کی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کے والد شیخ محمد بن راشد المکتوم نے قید کر کے رکھا ہوا ہے۔ شیخا لطیفہ نے یہ ویڈیو باتھ روم میں بنائی کیونکہ یہی ایک ایسی جگہ تھی جہاں انہیں اندر سے کنڈی لگانے کی اجازت تھی۔ ویڈیو میں شیخا لطیفہ نے بتایا کہ انہیں ایک محل میں قید کر کے رکھا ہوا ہے جس کے باہر پولیس کا پہرا ہے۔ محل کے اندر خواتین پولیس آفیسرز بھی ہیں۔ محل کے تمام دروازے حتیٰ کے کھڑکیاں تک بند ہیں جو کھل نہیں سکتیں۔ کئی دن سے وہ تازہ ہوا بھی نہیں لے سکی ہیں۔
شیخا لطیفہ نے ویڈیو میں کہا کہ انہیں اپنی زندگی کا خطرہ ہے اور انہیں معلوم کہ ان کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا کیونکہ ہر روز قید کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے بی بی سی کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شیخا لطیفہ کی زندگی پر انہیں تشویش ہے اور اقوام متحدہ اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔