اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گیوترس نے پاکستان اور بھارت سے کہا ہے کہ وہ اپنے تنازعات بات چیت سے حل کریں کیونکہ دونوں ملکوں کی جنگ انتہائی خوفناک ثابت ہو گی۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے معاملات حل کرانے کے لئے اقوام متحدہ کا پلیٹ فارم ہر وقت حاضر ہے اور معاملات کے حل کے لئے ہر طرح کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں ایسا کوئی تنازعہ نہیں ہے جو بات چیت سے حل نہ ہو سکتا ہو۔ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔
انہوں نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ جموں کشمیر کے معاملے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل کرنے کے واضح امکانات موجود ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ پوری دنیا کے لئے تباہ کن ثابت ہو گی۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول پر امن کے قیام کا مطالبہ کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کی لائن آف کنٹرول پر جھڑپیں کسی بڑے فوجی تصادم کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا ملٹری آبزور گروپ لائن آف کنٹرول پر تعینات ہے لیکن اس کے باوجود بھارتی فوج پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
انتونیو گوئترس نے کہا کہ دونوں جانب سے انسانی حقوق کا احترام لازمی ہے۔
حال ہی میں لیگل فورم فار کشمیر نے ایک رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ 2020 میں بھارتی فوج نے 474 معصوم کشمیریوں کو قتل کیا اور ان میں سے 65 افراد کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔