turky-urdu-logo

برطانیہ طبی آلات کی فراہمی پر تُرک حکومت کی مشکور

برطانوی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تُرک حکومت کی طرف سے طبی آلات کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے اپنے تُرک ہم منصب میولوٹ کیوسوگلو سے ٹیلی فون پر بات کی اور کہا کہ کورونا وائرس کے بحران کے وقت میں تُرک امداد انتہائی اہم ہے اور یہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے تُرک صدر طیب اردوان کا بھی شکریہ ادا کیا جس میں انہوں نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام بھیجا تھا۔ اس وقت برطانوی وزیراعظم کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے اور انہیں مصنوعی تنفس فراہم کیا جا رہا ہے۔ برطانوی وزیراعظم نے وزیر خارجہ ڈومینک راب کو ضرورت پڑنے پر اپنے اختیارات استعمال کرنے کی اجازت دی ہوئی ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ ایک مشکل وقت میں تُرک امداد کا مشکور ہے۔ اس وقت دنیا کے تمام ممالک صرف ایک دوسرے کی مدد کر کے ہی کورونا وائرس کی عالمی وبا سے لڑ سکتے ہیں۔ گذشتہ سال دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والا کورونا وائرس اب تک دنیا کے 184 ممالک تک پھیل چکا ہے۔ اس وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 83،600 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

Read Previous

سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کے 20 ملزموں پر ترکی میں فرد جرم عائد

Read Next

تُرک کمپنی نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی

Leave a Reply