
تُرکی کی ایک فارماسیوٹیکل کمپنی نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور علاج کیلئے دوا تیار کر لی ہے۔ عابدی ابراہیم فارماسیوٹیکل کمپنی کا کہنا ہے کورونا وائرس کے علاج کیلئے ایک پروڈکٹ تیار کر لی گئی ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ ٹی آر ٹی ورلڈ کے مطابق کمپنی نے اپنی پروڈکٹ تُرک وزارت صحت کو بھیجوا دی ہے تاکہ حکومت سے اس پر فیڈ بیک حاصل کیا جا سکے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اگر حکومت اس پروڈکٹ کی منظوری دیتی ہے تو کمپنی اس سال صرف یہ دوائی تیار کرے گی اور اسے نہ صرف تُرک عوام بلکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے علاج کیلئے مفت فراہم کیا جائے گا۔ یہ تُرک عوام کی طرف سے دنیا بھر کے لوگوں کیلئے خیرسگالی کا ایک تحفہ ہو گا۔
کمپنی نے اس دوائی کی تیاری اور اس کے ٹیسٹ کیلئے ڈاکٹرز، فارماسسٹس، نرسوں اور دیگر طبی عملے کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
تُرکی میں اب تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 20 ہزار ہو چکی ہے جبکہ 425 افراد اس وبا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ تُرک وزارت صحت کے مطابق 484 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے گھر جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس گذشتہ سال دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے پھوٹا تھا جو اب دنیا کے 184 ممالک تک پھیل چکا ہے۔ اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 83،600 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔