turky-urdu-logo

متحدہ عرب امارات ترکی کا سب سے بڑا ٹریڈنگ پارٹنر ہے، وزیر خارجہ یو اے ای

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ انور غرقاش نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ترکی کی سب سے زیادہ تجارت یو اے ای کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک ترکی کے ساتھ کسی قسم کا ٹکراؤ نہیں چاہتا۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کی بڑی وجہ عرب ممالک کی قیمت پر ترکی کا خطے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانا ہے۔

انور غرقاش نے کہا کہ قطر کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تجارتی تعلقات جلد ہی معمول پر آ جائیں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان ٹرانسپورٹ بھی جلد بحال ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ہونے والی العلا کانفرنس کے معاہدے پر دستخط کے بعد اب خلیجی ممالک کے درمیان تجارت اور سفری پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس میں خطے میں موجود بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ گلف کوآپریشن کونسل کے تمام رکن ممالک نے العلا سربراہ کانفرنس کے معاہدے کو منظور کیا ہے جس کے بعد خطے میں دوبارہ امن و استحکام اور خوشحالی آئے گی۔

واضح رہے کہ منگل کو سعودی عرب کے شہر العلا میں خلیج تعاون کونسل کا سربراہ اجلاس میں ہوا جس میں تمام عرب ممالک نے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بحال کرنے کا اعلان کیا۔ کانفرنس کی صدارت سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے کی جس میں خلیجی ممالک کے تمام سربراہ شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ جون 2017 میں سعوی عرب، یو اے ای، بحرین اور مصر نے قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کر لئے تھے اور الزام عائد کیا تھا کہ قطر دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کر رہا ہے۔ قطر نے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی۔ ساڑھے تین سال بعد اب تمام عرب ممالک نے قطر کے ساتھ تعلقات دوبارہ بحال کر لئے ہیں۔

Read Previous

ارطغرل غازی میں عبدالرحمان کا کردار نبھانے والے اداکار جلال پاکستان پہنچ گئے

Read Next

ترکی نے بین الاقوامی سکالرشپس کے لئے درخواستیں طلب کر لیں

Leave a Reply