ترکی اپنا ففتھ جنریشن سیٹلائٹ اس ماہ کے آخر تک خلا میں بھیجے گا۔ یہ سیٹلائٹ امریکی کمپنی ایئر بس کے ساتھ مل کر تیار کیا گیا ہے۔
ترکی اور ایئر بس کے درمیان 9 نومبر 2017 میں معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ایئر بس ترکی کے لئے دو سیٹلائٹ تیار کرے گی۔
ایئر بس کے اسپیس سسٹم کے سربراہ جین مارک نصر نے بتایا کہ ترک سیٹ 5A خلا میں بھیجنے کے بعد ترکی زمین کے مدار میں اپنے حقوق کی ملکیت حاصل کر لے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سیٹلائٹ کی تیاری کا کام مکمل ہو چکا ہے اور اس ماہ کے آخر تک سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیج دیا جائے گا۔
جین مارک نے کہا کہ موسمیاتی صورتحال اور لانچر کی تکنیکی وجوہات کے باعث سیٹلائٹ بھیجنے میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے لیکن کوشش ہے کہ اس ماہ کے آخر تک اسے زمین کے مدار میں بھیج دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس سیٹلائٹ کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس سے سیٹلائٹ کی میعاد میں اضافہ کیا گیا ہے اور اس کے وزن کو کم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ خلا میں سیٹلائٹ بہتر کارکردگی دکھا سکے۔
جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ترک سیٹ 5A اس کی میعاد دگنی ہو گئی ہے۔لانچنگ کے وقت سیٹلائٹ کا وزن ساڑھے تین ٹن ہو گا اور یہ ایک مقررہ مدار میں اپنا سفر جاری رکھے گا۔
جین مارک نصر نے ترک انجینئرز کی پیشہ ورانہ صلاحتیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ترک انجینئرز اپنے کام میں ماہر ہیں اور مختصر مدت میں سیٹلائٹ کی تیاری اسی لئے ممکن ہو سکی کہ ترک انجینئرز نے اس کی تیاری میں بھرپور مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث سفری بندشوں سے سیٹلائٹ کی تیاری میں تاخیر ہوئی تاہم اب امید ہے کہ اس ماہ کے آخر تک سیٹلائٹ مدار میں چھوڑ دیا جائے گا۔