turky-urdu-logo

وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتار کی 9 رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات

پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپرسلان بائیرقطار کی 9 رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور ترکیہ کے صدیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے حالیہ دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

وزیراعظم نے ترکیہ کے وزیر توانائی اور اعلیٰ سطحی وفد کا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ سمٹ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو نئی وسعت دینے کے کثیر مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے حوالے سے تعاون کے معاہدے سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

ترک وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ توانائی، بالخصوص بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور نجکاری کے سلسلے میں ترکیہ اپنا کامیاب تجربہ پاکستان کے ساتھ شیئر کرے گا۔

ترک وزیر نے پاکستان میں معدنیات کے شعبے بالخصوص نادر معدنیات کی دریافت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ سمٹ میں شرکت سے پاکستان میں اس شعبے کی وسیع استعداد کا درست اندازہ ہوا۔

اس ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر بجلی اویس لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی وزیراعظم طارق فاطمی اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک تھے۔

Read Previous

ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتار کی پاکستان منرلز انویسٹمنٹ سمٹ میں شرکت

Read Next

ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتار کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات

Leave a Reply