
ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتار نے نو رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ سمٹ میں شرکت کی۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ سمٹ 2025 اسلام آباد میں ہو رہی ہے۔ اس سمٹ میں 300 غیر ملکی نمائندے شریک ہیں جن میں ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب، چین، امریکہ، یو ایس ایکسِم بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ڈنمارک، کینیا، فن لینڈ اور برطانیہ سے کان کنی کمپنیوں کے سربراہان شامل ہیں۔

اس موقع پر ان کی ملاقات وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ہوئی۔
اس سمٹ کے دوران کئی معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم نے ترکیہ کے وزیر توانائی اور اعلیٰ سطحی وفد کا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ سمٹ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو نئی وسعت دینے کے کثیر مواقع موجود ہیں۔
اس سمٹ میں ترک وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ مختلف اسٹالز کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں نادر معدنیات اور ان کی دریافت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ترک وزیر نے پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ سمٹ میں شرکت سے پاکستان میں اس شعبے کی وسیع استعداد کا درست اندازہ ہوا۔