
ترکیہ ایمبیسی کے تعلیمی مشیر ڈاکٹر مہمت طویران اور یونس امرے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہیں استنبول میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی عبدالرحمان پشاوری سمپوزیم میں شرکت کی دعوت دی۔
اس ملاقات کے دوران ڈاکٹر محمد طویران اور پروفیسر خلیل طوقار نے سینیٹر عرفان صدیقی کو سمپوزیم کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور اس اہم علمی و ثقافتی تقریب میں شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ عبدالرحمان پشاوری سمپوزیم میں علمی، ادبی، اور ثقافتی موضوعات پر ماہرین کے درمیان گہرائی سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے ترکیہ کے تعلیمی اور ثقافتی اداروں کی کوششوں کو سراہا اور سمپوزیم میں شرکت کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے علمی پروگرام نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دیتے ہیں، بلکہ یہ مشترکہ ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔
یونس امرے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر خلیل طوقار نے کہا کہ یہ سمپوزیم ترکیہ اور پاکستان کے درمیان علمی و ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرحمان پشاوری جیسے عظیم علمی شخصیات کے کارناموں کو اجاگر کرنا نئی نسل کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگا۔
اس ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے مستقبل کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔