
پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے او آئی سی کے سائنسی اور تکنیکی تعاون کی اسٹینڈنگ کمیٹی (کامسٹیک) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے ساتھ ملاقات کی جس میں تعلیمی تبادلے، تکنیکی جدت، سائنس اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کئی اہم تجاویز پیش کیں۔ ان میں سے ایک بڑی تجویز اس سال اسلام آباد میں ترکیہ-پاکستان ریکٹرز فورم کا انعقاد تھی۔ یہ فورم ترکیہ کے سفارت خانے اور کامسٹیک کے اشتراک سے منعقد کیا جائے گا، جس میں ترکیہ کی یونیورسٹیوں کے ریکٹرز، پاکستانی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور ریکٹرز شرکت کریں گے۔ تاکہ تعلیمی اور تحقیقی شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے اور او آئی سی کمیونٹی میں قیادت کی جاسکے۔
ایک اور اہم تجویز او آئی سی ٹیکنو فیسٹیول کا انعقاد تھا، جو ترکیہ میں منعقد کیا جائے گا، جس میں او آئی سی رکن ممالک کے اہم ٹیکنالوجی پارکس شرکت کریں گے، اور تکنیکی ترقی اور جدت پر مبنی تعاون کو فروغ دیں گے۔
سفیر عرفان نذیر اوغلو نے کامسٹیک کی او آئی سی میں سائنسی اور تکنیکی تعاون کے لیے کی گئی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پروفیسر اقبال چوہدری کی تجاویز کو خوش آمدید کہا اور یقین دلایا کہ ترکیہ کا سفارت خانہ ان اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کامسٹیک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ تکنیکی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ اقدامات نہ صرف ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعاون کو فروغ دیں گے، بلکہ او آئی سی کمیونٹی میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔