ترک وزیر خارجہ میلوت چاوش اوغلو کا کہنا ہے کہ ترکیہ آذربائیجان اور ترکمانستان نے کئی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
آذربائیجانی اور ترکمانی ہم منصبوں کے ساتھ ترک وزیر خارجہ نے نیوز کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سربراہی اجلاس میں منظور کیے گئے مشترکہ اعلامیے کے ساتھ، ہمارے سربراہان مملکت نے اپنے تعاون کو اعلیٰ سطح پر فروغ دینے کی اپنی خواہش پر زور دیا ہے۔ ہم نے توانائی، تجارت اور معیشت، کسٹم، نقل و حمل، سائنس، تعلیم اور دیگر شعبوں سے متعلق پانچ دستاویزات پر دستخط کیے ہیں۔
انکا یہ بیان ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف اور ترکمان رہنما سردار بردی محمدوف کے درمیان مغربی ترکمان شہر آوازہ میں سہ فریقی سربراہی اجلاس کے بعد آیا، جہاں انہوں نے تینوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سہ فریقی سربراہی اجلاس کے اہم ترین ایجنڈے میں سے ایک تینوں ممالک کے درمیان توانائی کے تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہم تینوں ممالک کے فائدے کے لیے ترکمانستان کی قدرتی گیس پر مشترکہ اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں، اور ہم نے اس معاملے پر ایک ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ وہ تینوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کسٹم کے شعبوں میں ہونے والے معاہدوں کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تعاون کا جو وژن آج پیش کیا گیا ہے اس سے نہ صرف تینوں ممالک بلکہ پڑوسی ممالک کی خوشحالی اور استحکام میں بھی مدد ملے گی۔
تینوں نے تجارت، ثقافت، توانائی اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں پانچ معاہدوں پر دستخط کیے جن کا مقصد تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔