
ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی نیشنل رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم سے ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں عالمی مسائل کے حل کیلئے نیا اسلامی بیانیہ بنانے پر زور دیا گیا۔
اس ملاقات میں ترک سفیر کے ہمراہ ترکیہ سفارتخانے کے مذہبی امور کےاتاشی عبدالرحمان اکوش بھی موجود تھے۔
نیشنل رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی (NRKNA) کے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے زور دے کر کہا کہ "حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ کی روشنی میں انسانیت کے مسائل کا حل پیش کرنے والا ایک نیا اسلامی بیانیہ موجودہ دور کی اشد ضرورت ہے۔”
اس موقع پر اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ظفر محمود ملک اور ڈائریکٹر سہیل بن عزیز نے ترکیہ کے وفد کو NRKNA کے کاموں، مستقبل کے منصوبوں اور عالمی سطح پر اسلام کے مثبت پیغام کو فروغ دینے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ خاص طور پر بین المذاہب ہم آہنگی، عالمی امن اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ترک سفیر نے اتھارٹی کے محدود وسائل کے باوجود قابل ذکر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ "اتھارٹی کی مختصر مگر پرعزم ٹیم کی خدمات قابل تحسین ہیں۔” انہوں نے NRKNA کے مشن کے لیے ترکیہ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور مستقبل کے منصوبوں میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس ملاقات میں ترکیہ میں NRKNA کا علاقائی مرکز قائم کرنے اور اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ نیشنل رحمت اللعالمین یوتھ کلبز کے بہترین کارکردگی والے تین کلبز کیلئے ترکیہ کی جانب سے ایوارڈز کی اسپانسرشپ پر بھی اتفاق ہوا۔
دونوں اطراف سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ مقاصد کیلئے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے مفید ثابت ہوگی۔