
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ، انطالیہ ڈپلومیسی فورم، جو اس سال چوتھی بار منعقد ہو رہا ہے، عالمی سطح پر ایک معتبر اور مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو صرف سفارت کاری کی نبض ہی نہیں، بلکہ مظلوموں اور متاثرین کی آواز بھی ہے۔

صدر ایردوان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ، میں اس امید کا اظہار کرتا ہوں کہ، انطالیہ ڈپلومیسی فورم، جو سفارت کاری کی روح کے ساتھ ایک عالمی برانڈ بن چکا ہے، پوری دنیا، انسانیت، اور خاص طور پر ہمارے خطے کے مظلوموں کے لیے خیر و برکت کا باعث بنے گا۔
انہوں نے فورم میں دنیا بھر سے شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ،تین دن جاری رہنے والے اس فورم میں ہزاروں شرکاء اہم علاقائی اور عالمی موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے اور ممکنہ حل تلاش کریں گے۔

صدر ایردوان نے فورم کے تھیم ‘ایک تغیر پذیر دنیا میں سفارت کاری کا حصول’ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ،مجھے امید ہے کہ، یہ مباحثے ہم سب کے لیے فکری وسعت کا باعث بنیں گے۔
انہوں نے عالمی برادری کو ایک مرتبہ پھر پیغام دیتے ہوئے کہاکہ،ہم تصادم پر بات چیت کو، تقسیم پر عقلِ سلیم کو، اور طاقت کی دوڑ پر عالمی ضمیر کو ترجیح دیتے ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا کہ، انطالیہ سے دنیا کو بھیجے جانے والے امن اور دوستی کے پیغامات اس فورم کو دیگر عالمی پلیٹ فارمز سے منفرد اور ممتاز بناتے ہیں۔
واضح رہے کہ، انطالیہ ڈپلومیسی فورم 2025 میں ایک بار پھر عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا ہے، جہاں اہم رہنما، پالیسی ساز، ماہرین اور دانشور دنیا کے سلگتے مسائل پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔