
اناطولیہ میں ہونے والے’انطالیہ ڈپلومیسی فورم’ میں وزیراعلیٰ پنجاب، مریم نواز شریف نے تعلیم کی انقلابی طاقت کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے فورم میں گرلز ایجوکیشن کے لیے ایک عالمی معاہدہ تشکیل دینے کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد دنیا بھر کے ہر بچے کو اسکول میں داخلے، تعلیم کے تسلسل اور کامیابی کا مساوی موقع فراہم کرنا تھا۔
اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ، مراکش سے ملتان اور ڈھاکہ سے دہلی تک ہر بچے کو تعلیم تک رسائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ، تعلیم محض ایک محکمے کا نام نہیں، بلکہ امید، مساوات اور روشن مستقبل کی کنجی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تعلیم کے فروغ کے لیے ‘فرینڈز آف ایجوکیشن’ کے نام سے باوقار سفارتکاری پر مبنی ایک وژن پیش کیا، جس کے تحت دنیا کے مختلف ممالک مل کر مشترکہ پالیسی سازی، تدریسی حکمت عملی اور اصلاحات پر کام کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ترکیہ کی اعلیٰ جامعات کو پنجاب میں اپنے کیمپس قائم کرنے کی دعوت دی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شراکت داری اور طلبہ کے تبادلے کے پروگرامز شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ، ایسا مستقبل چاہتے ہیں جس پر نہ صرف پاکستان ،بلکہ ترکیہ کی آنے والی نسلیں بھی فخر کریں۔
اپنے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ، وہ خود کو صرف وزیراعلیٰ نہیں ،بلکہ تعلیم کی سفیر سمجھتی ہیں، اور خاص طور پر گرلز ایجوکیشن کے معاملے میں پنجاب کی ہر بچی کی ماں کی طرح سوچتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ، پنجاب میں 4 ہزار سے زائد پرائمری اسکولوں کو ایلیمنٹری سطح پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ،جبکہ 6 ہزار ڈیجیٹل لرننگ رومز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جہاں طلبہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیم حاصل کریں گے۔
انہوں نے اساتذہ کی بھرتیوں کے بارے میں بتایا کہ، کئی سالوں بعد پنجاب میں شفاف انداز میں 30 ہزار نئے اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی، انہوں نے تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے اساتذہ کی تربیت اور جدید نصاب کی تیاری پر زور دیا۔
مریم نواز نے ‘ہونہار اسکالرشپ پروگرام’ کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی انداز میں ان بچوں کی کہانیاں سنائیں جو وسائل کی کمی کے باوجود تعلیم حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہے تھے۔ خاص طور پر ندا اور اکرم جیسے طالبعلموں کا ذکر کیا جنہوں نے اسکالرشپ سے فائدہ اٹھا کر تعلیم کا سفر جاری رکھا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ، ہمیں صرف اپنی سرحدوں کے اندر نہیں، بلکہ فلسطین، افغانستان، سوڈان اور کشمیر جیسے خطوں کے ان بچوں کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا جو جنگ، غربت اور ناانصافی کا شکار ہیں۔ انہوں نے خاتون اول امینہ ایردوان کا شکریہ ادا کیا کہ، انہوں نے بچوں کی تعلیم کے حوالے سے عالمی سطح پر شعور اجاگر کیا۔
آخر میں، مریم نواز نے کہا کہ، تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو قوموں کو ترقی، سربلندی اور یکجہتی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ، پنجاب کے دل میں پاکستان کی پہلی آرٹیفشل انٹیلیجنس یونیورسٹی اور انٹرنیٹ سٹی قائم کیا جا رہا ہے، جو پاکستان کو مستقبل کی ٹیکنالوجی میں لیڈرشپ کی راہ پر ڈالے گا۔