ترکیہ کے قومی انٹیلی جنس ادارے ’ایم آئی ٹی‘ کے سربراہ ابراہیم قالن اور قطر کے قومی سلامتی کے مشیر محمد بن احمد المسند اعلیٰ سطحی رابطوں کے لیے افغانستان پہنچے ہیں، جہاں افغان عبوری حکومت کے حکام کے ساتھ سکیورٹی اور علاقائی امور پر بات چیت کی گئی۔


ابراہیم قالن نے کابل اور قندھار کا دورہ کیا۔ کابل میں انہوں نے افغان انٹیلی جنس کے سربراہ عبدالحق وثیق، نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر، وزیر دفاع محمد یعقوب مجاہد اور وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں ترکیہ اور افغانستان کے درمیان سکیورٹی اور انٹیلی جنس تعاون، انسداد دہشت گردی، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی تجارت کی روک تھام کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسی دوران قطر کا اعلیٰ سطحی سکیورٹی وفد بھی افغانستان پہنچا۔ افغان وزارت دفاع کے مطابق قطر کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ حمد بن خمیس الکبیسی نے وزیر دفاع محمد یعقوب مجاہد سے ملاقات کی، جس میں تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

علاقائی میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے کہ محمد بن احمد المسند اور ابراہیم قالن کے قندھار میں افغان طالبان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کا پروگرام تھا، تاہم اس ملاقات کی مکمل سرکاری تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
