صدر رجب طیب ایردوان نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے کے باوجود ایک پولیس آفیسر اور ایک ضعیف العمر خاتون کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کرنے والے دو ترک نوجوانوں سے انقرہ کے صدارتی محل میں ملاقات کی۔
ترک نوجوان رجب طیب گل کتین اور میکائیل اوزن نے 3 نومبر کو ویانا میں ایک دہشت گرد حملے میں ایک خاتون اور پولیس آفیسر کو فائرنگ کے حملے سے بچایا اور انہیں اسپتال پہنچا کر ان کی زندگی بچائی۔
صدر رجب طیب ایردوان نے 5 نومبر کو دونوں ترک نوجوانوں سے ویڈیو کال پر بات کی تھی اور ان کی بہادری اور شجاعت کو سراہا تھا۔
ویانا میں ہونے والے اس دہشت گرد حملے میں چار افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے تھے۔ ترک نوجوان رجب طیب خود بھی فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا لیکن اس کے باوجود اس نے اپنے دوست میکائیل اوزن کے ساتھ مل کر فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک پولیس آفیسر اور ایک ضعیف العمر خاتون کو ایمبولینس سے پہنچایا جس کے بعد انہیں اسپتال منقتل کیا گیا۔
ترک صدر نے دونوں نوجوانوں کو یادگاری شیلڈ بھی دی اور ان کی بہادری کو سراہا۔