ڈیڑھ ماہ بعد تُرک پارلیمنٹ کا اجلاس منگل کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد حکومت نے کاروبار زندگی کو معمول پر لانے کیلئے بیشتر اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔
پارلیمنٹ کے کل ہونے والے اہم اجلاس میں کورونا وائرس پر اب تک کی پیش رفت اور معمولات زندگی بحال کرنے جیسے اہم ایشوز پر بحث کی جائے گی۔ وزیٹرز کیلئے فی الحال پارلیمنٹ ہاؤس کے دروازے بند رہیں گے اور صرف پارلیمنٹیرینز کو ہی اجلاس میں آنے کی اجازت ہو گی۔
کل کے اجلاس میں کورونا وائرس کی حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کے حوالے سے متعلقہ سرکاری محکموں اور وزارتوں کے کردار پر بات کی جائے گی۔ جنرل اسمبلی میں پیش کرنے سے پہلے عدلیہ میں اصلاحات کے تیسرے پیکج کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
برسراقتدار حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی اپنی حلیف جماعت نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی کے ساتھ مل کر مختلف ایسوسی ایشنز اور چیمبرز کے قواعد و ضوابط میں ترامیم کا بل پیش کرے گی۔ ٹرکش بار ایسوسی ایشن، پرونشئل بار ایسوسی ایشنز اور چیمبرز آف ایسوسی ایشنز اینڈ آرکیٹیکٹس سمیت دیگر کاروباری و تجارتی اداروں سے متعلق نیا بل پیش کیا جائے گا۔ صدر طیب اردوان کی صدارت میں 3 جون کو حکمراں جماعت کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے والے اہم بلوں کی منظوری دی جائے گی۔