نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی نئے گورنر کے چارج سنبھالنے پر امریکی ڈالر کے مقابلے میں ترکش لیرا کی قیمت 4 فیصد بڑھ گئی۔
حکومت نے گذشتہ ہفتے ترکش سینٹرل بینک کے گورنر مراد یوزال کو ہٹا کر ان کی جگہ سابق وزیر خزانہ ناجی اقبال کو نیا گورنر مقرر کیا تھا۔
آج صبح ٹریڈنگ کے دوران ایک امریکی ڈالر 8.20 ترکش لیرا کے مساوی ہو گیا۔ جمعہ کو جب کرنسی مارکیٹ بند ہوئی تھی اس وقت امریکی ڈالر کے مقابلے میں ترکش لیرا کی شرح تبادلہ 8.55 تک پہنچ گئی تھی۔
ترکش سینٹرل بینک کی مانیٹری کمیٹی کا اجلاس 19 نومبر کو ہو گا جس میں نئی شرح سود کا تعین کیا جائے گا۔
نئے گورنر ناجی اقبال نے کہا ہے کہ نئی مالیاتی پالیسی میں شفافیت، بینکنگ سسٹم میں احتساب اور مستقبل میں مارکیٹ کے اتار چڑھاوٗ کو مد نظر رکھ کر پالیسی تیار کی جائے گی۔
سینٹرل بینک کا بنیادی کام مارکیٹ کو مستحکم رکھنا ہے تاکہ کرنسی پر دباوٗ کم کیا جا سکے۔
مانیٹری پالیسی کمیٹی مارکیٹ پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ کمیٹی دستیاب اعداد و شمار کا جائزہ لے رہی ہے کیونکہ اس وقت مارکیٹ میں اتار چڑھاوٗ بہت زیادہ ہے۔ نئے گورنر ناجی اقبال نے ہفتہ کو چارج سنبھال لیا تھا۔ سابقہ گورنر مراد یوزال کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ترکش لیرا کی گرتی ہوئی قیمت کنٹرول کرنے میں ناکامی پر ہٹایا گیا تھا۔