
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ یورپی ممالک کے سیاسی رہنماوٗں کے بیان اور اقدامات سے مشرقی بحیرہ روم کے تنازعے میں شدت آ گئی ہے۔ یورپین کونسل کے سربراہ چارلس مائیکل سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ یورپین یونین کے بعض رہنماوٗں کے سخت بیانات اور اقدامات خطے میں جنگی ماحول پیدا کر رہے ہیں۔
ترک صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض یورپی ممالک کے سیاسی رہنما خطے میں امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کے حالیہ بیانات سے یونان اور ترکی کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
ترک صدر نے کہا کہ مشرقی بحیرہ روم کا تنازعہ یورپین یونین کی نیک نیتی کا ایک ٹیسٹ ہے کہ آیا یورپی ممالک بین الاقوامی قوانین اور خطے میں امن چاہتے ہیں؟
انہوں نے یورپین کونسل کے سربراہ سے کہا کہ یونین مشرقی بحیرہ روم اور آئجن کے معاملات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ کچھ یورپی ممالک یونان کو مسلح کشیدگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے یورپی اداروں اور یونین کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے کے معاملات میں منصفانہ اور شفاف رویہ اختیار کریں۔