turky-urdu-logo

تُرک اور اطالوی وزرائے دفاع کی ملاقات، مل کر کام کرنے کا فیصلہ

ترک وزیر دفاع خلوصی آقار نے اپنے اطالوی ہم منصب لورینزو گیورینی سے انقرہ میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خلوصی آقار نے کہا کہ انہوں نے اطالوی وزیر دفاع سے نیٹو اور خطے کی صورتحال سمیت کئی دیگر امور پر بامقصد بات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان لیبیا، شام اور بحرہ اوقیانوس کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے دفاعی اور سیکیورٹی پر بات کی ہے۔ اگر دونوں ملک سول اور فوجی تعاون کو مزید آگے بڑھاتے ہیں تو اس سے نہ صرف دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ ترک وزیر دفاع نے کہا کہ اٹلی اور ترکی نیٹو کے اہم رکن ممالک ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون سے یورپین یونین کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا۔ مختلف معاملات پر دونوں ملکوں کے خیالات اور پالیسی میں ہم آہنگی ہے۔ دونوں ملکوں کے وزرائے دفاع کے درمیان ون ٹو ون اور وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

اطالوی وزیر دفاع نے کہا کہ ملاقات بہت زیادہ مثبت اور دوستانہ رہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں اور اب انہیں مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں خصوصی طور پر لیبیا کی صورتحال پر بات ہوئی ہے۔ دونوں ملک لیبیا میں سیاسی حل کے خواہاں ہیں تاکہ یہاں کئی سالوں سے جاری خانہ جنگی کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا اٹلی بحرہ اوقیانوس کے تنازعے پر ترک موقف کا حامی ہے تاہم خطے کے دیگر ممالک کو بھی مذاکرات میں شامل کر کے ایک پائیدار حل جلد تلاش کر لیا جائے گا۔

Read Previous

مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کا یوم شہادت، کشمیری آج یوم سوگ منا رہے ہیں

Read Next

ترک صدر کی مصطفیٰ سیندوپ کو پارلیمنٹ کا دوبارہ اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد

Leave a Reply