لیبیا کے دارالحکومت تریپولی کے 60 کلو میٹر کے مضافاتی علاقے کو خالی کروانے کیلئے تُرک فوج نے لیبئن نیشنل آرمی کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے بعد ترہونا کا علاقہ لیبئن نیشنل آرمی سے خالی کروا لیا گیا ہے۔
لیبئن نیشنل آرمی کے ترجمان المسماری نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ عالمی برادری کی طرف سے تریپولی کے 60 کلومیٹر کے علاقے کو خالی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور ان کے جنگجو یہ علاقہ خالی کر کے محفوظ مقامات کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترہونا میں اس وقت سیکیورٹی کے مسائل درپیش ہیں اور عالمی برادری کو اس کی ذمہ داری پوری کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تُرک بمبار طیارے علاقے میں پرواز کر رہے ہیں۔ عالمی برادری نے لیبئن نیشنل آرمی سے کہا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر دوبارہ واپس آئیں اور 5 + 5 کے اس فارمولے کے تحت بات چیت کریں جس میں عالمی برادری مختلف گروپوں کی حمایت کے ساتھ ایک قومی حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے تریپولی اور اس کے 60 کلومیٹر کے علاقے کو خالی کر دیا گیا ہے اب یہ عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق دیگر گروپوں کو بھی مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے اقدامات کریں۔