ترک خاتون اول امینہ ایردوان نے کہا ہے کہ دنیا سے بھوک، خشک سالی اور انسانوں کی ہجرت کو روکنے کے لئے ماحولیاتی تبدیلی کو اولین ترجیح دینا ہو گی۔
گلوبل ہوپ فیسٹیول سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے امینہ ایردوان نے کہا کہ آج کی دنیا کا سب سے اہم ترین ایجنڈا ماحولیاتی تبدیلی ہے۔ خطرے کی گھنٹی مسلسل بج رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بحران نے دنیا کے ہر ملک کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے۔ سانس لینے سے لے کر کھانے پینے کی اشیا تک ہر چیز آلودہ ہو چکی ہے۔
ترک خاتون اول نے کہا کہ اگر دنیا نے آج ماحولیاتی تبدیلی کو سنجیدہ نہ لیا تو مستقبل کی دنیا بھوک، خشک سالی اور ان گنت بحرانوں کا شکار ہو جائے گی۔ انسانوں کی ہجرت اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔
ماحولیات کو آلودہ کرنے کے لئے جو کام آج ہم کر رہے ہیں کل آنے والی نسلیں اس بحران کا شکار ہو جائیں گی۔ ماحولیاتی تبدیلی کو جتنا آج سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے اس سے پہلے دنیا کو اس طرح کے بحران کا کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے بچوں اور نوجوان نسل کو ماحولیاتی تبدیلی کی جنگ میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو آج سے ماحولیاتی آلودگی کی تعلیم دینا ہو گی۔ دنیا کے تمام ممالک کو اپنے اسکول کے نصاب ازسر نو ترتیت دینے ہوں گے ورنہ ماحولیاتی آلودگی ایک ایسے بحران کی شکل اختیار کر لے گی جس کا کسی کے پاس حل نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مضمون کو صرف سائنس کے طلبہ تک محدود نہ کیا جائے۔ یہ مضمون ہر طالب علم کی زندگی میں شامل کیا جائے اور اسے ہر سطح پر لاگو کیا جائے۔