
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے نجی چینل کو انٹر ویو کے دوران کہا ہے کہ ملک میں ترکش ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن ٹی آر ٹی کے ڈرامے عوام کو سبق آموز کہانیاں اور اچھے رول ماڈل فراہم کرنے کے زیرِ مقصد نشر کئے جا رہے ہیں۔
خان نے ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل کے لئے انٹرویو میں کہا ہےکہ سیل فونز کے غلط استعمال کی وجہ سے معاشرہ ایک اضمحلال کی طرف جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم کسی چیز کو ممنوع نہیں کر سکتے لیکن عوام کو اس کے متبادل تفریح فراہم کر سکتے ہیں۔ پاکستان بھی ترکی کے ڈرامہ سیریل "یونس ایمرے راہِ عشق” اور "ارطغرل غازی ” جیسے ڈرامے بنانے کی کوشش کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ” پاکستان میں ترکی کے ڈرامے خاص طور پر نوجوانوں کی تربیت اور انہیں اچھے رول ماڈلز کی فراہمی کے لئے نشر کئے جا رہے ہیں”۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان میں گذشتہ ماہِ رمضان میں ڈرامہ "ارطغرل غازی” اور رواں ہفتے کے آغاز سے ڈرامہ” یونس ایمرے، راہِ عشق” اردو ترجمے کے ساتھ سرکاری ٹیلی ویژن چینل پی ٹی وی پر نشر ہونا شروع ہوگیا ہے۔
عمران خان نےیکم دسمبر کو ڈرامے کے بارے میں جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ تصوف سے دلچسپی لینے والوں کے لئے میرا مشورہ ہے کہ وہ پی ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈرامہ "یونس ایمرے راہِ عشق” دیکھیں۔25 اپریل کو جاری کردہ بیان میں انہوں نے ” ارطغرل غازی کے بارے میں بھی کہا تھا کہ ” پاکستان کے نوجوان ترکی کے ڈرامے ارطغرل غازی سے اسلامی تاریخ اور اخلاق کا درس لے سکتے ہیں”۔
یاد رہے کہ ٹی آر ٹی اور پی ٹی وی کے مشترکہ ارطغرل غازی یو ٹیوب چینل کی سب سکربشن کی تعداد 10 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔