
برطانیہ میں آج کا دن "V-Day ” کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ برطانیہ کے 70 اسپتالوں میں آج ترک نژاد ڈاکٹر اوزگر شاہین اور ان کی اہلیہ اوزلم تورچی کی تیار کی ہوئی ویکسین عوام کو لگانا شروع کر رہے ہیں۔
یہ کورونا وائرس کی ویکسین ترک نژاد ڈاکٹر اوگر شاہین اور ان کی اہلیہ اوزلم تورچی کی بائیون ٹیک کمپنی نے امریکی کمپنی پی فائزر کے ساتھ مل کر تیار کی ہے۔ اس ویکسین کے نتائج 94 فیصد سے زائد ہیں جس کے بعد برطانوی حکومت نے بائیون ٹیک اور پی فائزر سے یہ ویکسین خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ابتدائی طور پر یہ ویکسین 80 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے گی اور اس کے ساتھ تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو یہ ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
9 پوتوں، پوتیوں اور نواسے نواسیوں کے 87 سالہ دادا ڈاکٹر ہری شکلا نے کہا کہ آج وہ بہت خوش ہیں کیونکہ کورونا وائرس سے بچاوٗ کی ویکسین آج انہیں لگے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں جو ممکن ہو سکے دوسروں کی مدد کروں اور اس ویکسین کو لگوانے میں دوسروں لوگوں کی حوصلہ افزائی کروں۔ ڈاکٹر ہری شکلا اور ان کی اہلیہ رنجن کو یہ ویکسین نیو کیسل کے رائل وکٹوریہ اسپتال میں لگائی جائے گی۔
برطانیہ دنیا میں پہلا ملک ہے جس نے کورونا وائرس کی ویکسین کے استعمال میں پہل کی ہے۔
برطانوی وزیر صحت نے کہا کہ آج سرنگ کے آخری کنارے پر روشنی نظر آئی ہے۔ آج کا دن اس لحاظ سے اہم ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے لئے ویکسین مختصر مدت میں تیار ہو کر عوام کے لئے دستیاب ہے۔