اسلام آباد میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی (پرائم انسٹیٹیوٹ) کا دورہ کیا، جہاں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پرائم انسٹیٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر علی سلمان نے ادارے کے اراکین کے ہمراہ ترک سفیر اور ترکیہ کے کمرشل کونسلر اینس مالک چیتن کا استقبال کیا۔ بعد ازاں ہونے والی ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، پالیسی ریسرچ، نجی شعبے کے روابط اور علاقائی اقتصادی تعاون سمیت مختلف امور زیرِ بحث آئے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
ڈاکٹر علی سلمان سے گفتگو کے دوران ترک سفیر نے ادارے کی تحقیقی خدمات اور عملے کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا،
"پرائم انسٹیٹیوٹ جیسے تحقیقی ادارے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی سمت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہمیں ایسے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور مکالمہ جاری رکھنا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔”

انہوں نے مزید کہا، "پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صرف برادرانہ نہیں بلکہ اسٹریٹجک نوعیت کے بھی ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ان مضبوط تعلقات کو معاشی شراکت داری میں مزید تبدیل کیا جائے تاکہ دونوں ممالک کے عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔”
ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر علی سلمان نے ترک سفیر اور ان کے وفد کا دورۂ پرائم انسٹیٹیوٹ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے روابط دونوں ممالک کے درمیان علمی، تحقیقی اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
یہ ملاقات پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی سفارت کاری، ادارہ جاتی روابط اور تجارتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
