ترک سفیر مہمت پچاجی کی پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات

وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پچاچی نے ملاقات کی جس میں ترکیہ میں زلزلہ سے جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے فنانس طارق باجوہ، سپیشل سیکرٹری فنانس، ترکیہ کے کمرشل قونصلر نوریتن دیمیر، ترکش ایئرلائن کے کنٹری مینجر علی بٹال، ڈاؤلینس کے سی ایف او فرحان اکرم اور وزارت خزانہ و ایف بی آر کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے ترک سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ترکیہ میں حالیہ زلزلے کے باعث شدید انسانی اور مالی نقصانات پر اظہار ہمدردی بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکیہ میں زلزلہ سے جاں بحق ہونے والوں اور املاک کے نقصان پر صدمہ میں ہیں اور وہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت ترکیہ کی امداد کو مزید وسعت دینے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پچاچی نے زلزلہ کے بعد فوری امداد کی فراہمی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان نے ترک عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

ترک سفیر نے کہا کہ جمہوریہ ترکیہ کے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات موجود ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والی بعض ترک کمپنیوں کے مسائل کے حوالے سے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا۔ فریقین نے پاکستان اور ترکیہ کے طویل مذہبی، ثقافتی، سیاسی، معاشی اور سماجی تعلقات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ پاکستان نے کاروبار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کی مستقبل میں وسعت کے موجود مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ترک سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی۔

ترک سفیر نے تعاون پر وزیر خزانہ سے اظہار تشکر کیا۔

Read Previous

سعودی عرب نے مرکزی بینک ترکیہ میں 5 بلین ڈالر جمع کروانے کا اعلان کردیا

Read Next

سعودی فنڈ ریزنگ مہم کے ذریعے 126 ملین ڈالر کی امداد زلزلہ متاثرین کو فراہم کی گئی

Leave a Reply