ترکی کے خیراتی ادارے ہیومنٹیرین ریلیف فاؤنڈیشن نے گذشتہ سال 2020 میں جنگ زدہ ملک شام کے 12 لاکھ 50 ہزار افراد کو مدد فراہم کی۔
فاؤنڈیشن کے وائس چیئرمین جنید کلیج نے کہا کہ ترکی سے 2,704 ٹرک امدادی سامان لے کر بھیجے گئے۔ امدادی سامان میں اشیائے خورد و نوش اور کورونا وائرس سے بچاوْ کے آلات شامل تھے۔ یہ امداد جنگ سے متاثرہ علاقوں کے ان شہریوں کو دی گئی جو خیموں میں زندگی بسر کر رہے ہیں اور ان کے پاس زندگی کی بنیادی ضرورتیں موجود نہیں ہیں۔
جنید کلیج نے بتایا کہ 2011 سے اب تک ہیومنٹیرین ریلیف فاؤنڈیشن امدادی سامان کے 21 ہزار سے زائد ٹرک شام میں بھیج چکی ہے۔ جب تک شام میں جنگ ختم نہیں ہوتی اس وقت تک ترکی اپنے شامی بھائیوں کی امداد جاری رکھے گا۔
شام میں 10 سال سے جاری خانہ جنگی میں اب تک لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ لاکھوں لوگ دیگر ممالک میں ہجرت کر گئے۔ اس وقت شام کے 37 لاکھ سے زائد مہاجرین ترکی میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔