
امریکہ کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کے حملے میں اب تک پولیس آفیسر سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ان حملوں کے بعد کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے نائب صدر مائیک پینس سے مطالبہ کیا ہے کہ 25 ویں ترمیم کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارت سے ہٹایا جائے ورنہ ان کے خلاف کانگریس میں مواخذے کا عمل شروع ہو جائے گا۔
امریکہ کی جمہوری تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا کہ صدارتی انتخابات کے نتائج کو متنازعہ بناتے ہوئے کیپٹل ہل پر حملہ کیا گیا۔ امریکی صدر ٹرمپ پر اپنے حامیوں کو کیپٹل ہل پر حملہ کرنے کے لئے اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
امریکہ کے منتخب صدر جو بائیڈن نے کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیا۔
صدر ٹرمپ نے بھی اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کو روکنے کی کوشش میں پولیس آفیسر برائن شکنک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔
امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس ارکان صدر ٹرمپ کے خلاف کیپٹل ہل پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ امریکی آئین کی شق 25 کے تحت جب صدر بیمار ہو جائے یا اس حالت کو پہنچ جائے کہ وہ اپنے صدارتی اختیارات استعمال کرنے کے قابل نہ رہے تو نائب صدر کو اختیار ہے کہ وہ صدر کو عہدے سے ہٹا کر معاملات اپنے ہاتھ میں لے لے۔
امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے نائب صدر مائیک پینس سے کہا ہے کہ وہ آئین کی شق 25 کے تحت اپنے اختیارات استعمال کریں۔