Closeup on lips of baby with lip and palate cleft before and after surgery.
ترکی کے سرکاری امدادی ادارے "ٹرکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن” (ٹِکا) نے پاکستان میں بچوں کی سرجری کا اسپتال کھول لیا ہے۔
اس اسپتال میں پیدائشی طور پر بچوں کے کٹے ہوئے ہونٹوں کی سرجری کی جائے گی۔
ٹِکا نے پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے ایک خیراتی ادارے المصطفیٰ میڈیکل سینٹر کے ساتھ مل کر ایک خصوصی آپریشن تھیٹر بنایا ہے جہاں ایسے بچوں کی سرجری کی جائے گی جن کے ہونٹ پیدائشی طور پر کٹے ہوئے ہوتے ہیں۔
ٹِکا کے پاکستان میں کوآرڈینیٹر ابراہیم کترجی، المصطفیٰ میڈیکل سینٹر کے بانی حاجی محمد حنیف طیب اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے آپریشن تھیٹر کا افتتاح کیا۔
ٹِکا کا کہنا ہے کہ اس آپریشن تھیٹر میں سالانہ ایک ہزار بچوں کے آپریشن کئے جائیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بچوں کی سرجری کے جدید آپریشن تھیٹر کے قیام کے لئے ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ٹِکا کے کوآرڈینیٹر ابراہیم کترجی نے کہا کہ اس آپریشن تھیٹر کے قیام کا مقصد پیدائشی طور پر کٹے ہوئے ہونٹ کے بچوں کے آپریشن کرنا ہے تاکہ یہ بچے بھی عام بچوں کی طرح زندگی گزار سکیں۔
حاجی حنیف طیب نے اس نیک کام کے لئے ٹِکا اور ترک حکومت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
اس سے پہلے ترک امدادی ادارے ٹِکا نے کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں عوام کی سہولت کے لئے ایک جدید الٹرا ساوْنڈ مشین بھی فراہم کی ہے۔ اس جدید الٹرا ساوْنڈ مشین سے ہر ماہ 6000 مریضوں فائدہ اٹھائیں گے اور انہیں کسی قسم کی فیس ادا نہیں کرنا ہو گی۔ ٹِکا نے کراچی میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لئے بھی ایک طبی سہولت کا مرکز قائم کیا ہوا ہے۔