
ٹرکش ریڈ کریسنٹ نے امدادی سامان کے 9 ٹرک باکو اور بوسنیا کے لئے روانہ کر دیئے ہیں۔
ترک امدادی ادارے کے سربراہ کریم کنیک نے کہا کہ آذربائیجان کے لئے 7 اور بوسنیا کے لئے دو امدادی ٹرک روانہ ہو گئے ہیں۔
امدادی سامان میں اشیائے خورد و نوش، کورونا وائرس سے بچاوٗ کے طبی آلات، موسم سرما کے ملبوسات، ادویات، وہیل چیئرز، بچوں کے کھلونے اور سردی سے بچاوٗ کے خصوصی خیمے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اور آرمینیا کی جنگ میں متاثر ہونے والے افراد کی بحالی کے لئے ٹرکش ریڈ کریسنٹ اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آف آذربائیجان مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔
ترکی اب تک امدادی سامان کے 26 ٹرکس آذربائیجان بھیج چکا ہے۔ کاراباخ کی حالیہ جنگ میں آذربائیجان کے 60 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں جن کی بحالی کا کام جاری ہے۔
ابتدائی طور پر متاثرہ افراد کے لئے گھر کا ضروری سامان بھیجا گیا تھا کیونکہ ان افراد کے گھر آرمینیا کے ساتھ جنگ میں تباہ ہو چکے تھے۔
بوسنیا ابھی تک سربیا کے ساتھ ہونے والی جنگ کے اثرات سے باہر نہیں آ پایا ہے جس کے باعث ترکی وقتاً فوقتاً امدادی سامان بھیجتا رہتا ہے۔