ترک ٹریول ایجنسیز یونین اور استنبول چیمبر آف کامرس کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس میں استنبول کو دنیا کا بہترین سیاحتی مرکز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
معاہدے کے مطابق ٹریول ایجنسیز کوشش کریں گی کہ ہر سال استنبول آنے والے سیاحوں کی تعداد بڑھائی جائے۔
ٹریول ایجنسیز یونین کے صدر فیروز بی بالی کایا اور استنبول چیمبر کے صدر ثاقب اودجیک نے معاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر سیاحوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے پر کام کریں گے۔
ٹریول ایجنسیز سیاحوں کو ٹرانسپورٹ کی جدید اور بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔
معاہدے کی تقریب میں “کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سیاحت پر اثرات اور استنبول کی سیاحت کے مستقبل” سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
استنبول چیمبر آف کامرس نے اپنے انفارمیشن کمرشلائزیشن سینٹر کو ٹریول ایجنسیز کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ باہر سے آنے والے سیاحوں سے رابطے میں آسانی رہے۔
استنبول چیمبر کامرس یونیورسٹی اور ٹریول ایجنسیز اکیڈمی کے درمیان بھی ایک معاہدہ ہوا ہے جس میں دونوں ادارے مل کر ٹورازم سرٹیفکٹس سے متعلق معاملات کو حل کرنے میں مشترکہ کوششیں کریں گے۔