turky-urdu-logo

صدر ایردوان کی نئی اکنامک ٹیم کے آنے سے رسک پریمئم 1.35 فیصد کم ہو گیا

ترکی کے مرکزی بینک کے گورنر اور وزیر خزانہ کی تبدیلی کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

عالمی مالیاتی مارکیٹ میں ترکی کے رسک پریمئم میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے میں ترکی کے پانچ سالہ بونڈز (کریڈٹ ڈیفالٹ سویپ) کی شرح جو پہلے 5.28 فیصد تھی اب کم ہو کر 3.93 فیصد ہو گئی ہے۔ اس طرح رسک پریمئم 1.35 فیصد کم ہو گیا ہے۔

بدھ کو صدر ایردوان نے جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے نئے معاشی منصوبے کا اعلان کیا تھا جس سے ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

صدر ایردوان کی طرف سے آزاد مارکیٹ کے تحفظ کے اعلان کا مالیاتی مارکیٹس پر مثبت اثر پڑا اور گرتا ہوا ٹرکش لیرا سنبھل گیا۔

ٹرکش لیرا کی قیمت جو بہت تیزی سے گر رہی تھی اس میں استحکام آنا شروع ہو گیا ہے۔ صرف ایک ہفتے میں ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں ٹرکش لیرا کی قیمت 4 فیصد سے زائد بڑھ چکی ہے۔

استنبول کی پیری رئیس یونیورسٹی کے اکنامکس کے پروفیسر ارہان اسلان اولو نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث مالیاتی اداروں نے غیر ملکی سرمایہ کاری پر رسک بڑھا دیا تھا جس کے باعث مارکیٹ میں ہلچل پیدا ہو گئی تھی۔ جب شرح سود کم ہو تو سرمایہ کار ایسی مارکیٹس میں اپنا پیسہ لگانا چاہتا ہے جہاں رسک اور قواعد و ضوابط نرم ہوں۔ یہی وجہ تھی کہ کریڈٹ ڈیفالٹ سویپ میں نمایاں اضافہ ہو گیا تھا لیکن صدر ایردوان کی طرف سے نئے معاشی پیکج کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

صدر ایردوان کی معاشی ٹیم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں سے بات چیت شروع کر دی ہے تاکہ نئی مالیاتی اور معاشی پالیسی کے لئے ان کی تجاویز کو شامل کیا جائے۔

Read Previous

صدر ایردوان آج 13 ویں سٹی اسپتال کا افتتاح کریں گے

Read Next

نیٹو کے دیگر ممبرز کی طرح ترکی بھی میزائل ڈیفنس سسٹم استعمال کرے گا، وزیر دفاع

Leave a Reply