turky-urdu-logo

ترکی نے قابل تجدید توانائی کے ذرائع 5 ارب ڈالر زرمبادلہ بچا لیا

Many wind turbines and a large solar panel array in a desert valley, mountains in the distance and blue sky above. Palm Springs, California, USA

ترکی نے اس سال قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے 120 ارب کلو واٹ بجلی کی پیداوار حاصل کی جس سے توانائی کے مہنگے ذرائع کی درآمدات سے پانچ ارب ڈالر کی بچت ہوئی۔

ترکی کے ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹس انڈسٹری بزنس مین ایسوسی ایشن کے سربراہ تنویر ارجومرد نے ملک میں قابل تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت 49 گیگا واٹ ہو گئی ہے۔ اس سال توانائی کے نئے منصوبوں سے قابل تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت میں 4.7 گیگا واٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس وقت ترکی میں مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی 95 گیگا واٹ توانائی میں سے 50 فیصد قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے حاصل ہو رہی ہے۔ اگر قابل تجدید توانائی کے ذرائع اسی رفتار سے بڑھتے رہے تو بہت جلد ترکی دنیا میں قابل تجدید توانائی سے بجلی پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک بن جائے گا۔

صدر ایردوان کی قیادت میں 2011 میں "ری نیو ایبل انرجی سپورٹ اسکیم” شروع کی گئی تھی۔ ابتدائی طور پر اس اسکیم کے تحت ونڈ انرجی اور ہائیڈرو پاور پلانٹس لگائے گئے جہاں سے 0.037 ڈالر فی کلو واٹ لاگت سے بجلی کی پیداوار شروع ہوئی تھی۔ اس وقت ترکی جیوتھرمل ذرائع سے ترکی 0.105 ڈالر، سولر اور بائیو ماس پلانٹس سے 0.133 ڈالر فی کلو واٹ قیمت پر بجلی پیدا کر رہا ہے۔ ان تمام پلانٹس کی مشینری ترکی میں مقامی طور پر تیار کی گئی ہے۔

یہ اسکیم اس سال 31 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے لیکن کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث بعض پلانٹس کی مشینری ابھی تک ڈیلیور نہیں ہو سکی ہے لہذا اس اسکیم کو 20 جون 2021 تک بڑھا دیا گیا ہے۔

ترکی کی نیچرل ریسورسز منسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے اس سال کے گیارہ ماہ میں 4200 میگاواٹ بجلی حاصل ہوئی ہے۔

حکومت اب اپنے بجلی کے نئے منصوبوں سے حاصل ہونے والی توانائی کی قیمت کو امریکی ڈالر سے نکال کر مقامی کرنسی میں کرنا چاہتی ہے۔ حکومت ایک نئی اسکیم تیار کر رہی ہے جس میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو شامل کیا جائے گا تاکہ ملک میں قابل تجدید توانائی کے نئے منصوبے لگائے جا سکیں۔

اس وقت ترکی میں تیل و گیس سے بجلی کی پیداواری صلاحیت 25.7 گیگا واٹ اور کوئلے کے ذریعے 20.3 گیگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

تنویر ارجومرد کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث معیشت کے بہت سے شعبے متاثر ہوئے ہیں لیکن قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر کام جاری رہا اور اب ترکی اس شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ہائیڈرو پاور پلانٹس سے 77  ارب کلو واٹ، ونڈ پلانٹس سے 24 ارب ارب کلو واٹ، شمسی توانائی سے 11.5 ارب کلو واٹ اور جیوتھرمل سے 9 ارب کلو واٹ بجلی حاصل ہوئی ہے۔

Read Previous

ترک صنعتکار ہائی ویلیو ایڈڈ مصنوعات پر توجہ دیں، صدر ایردوان

Read Next

ترکوں کے مشکل وقت میں جاپان کی مدد عوام کو آج بھی یاد ہے، نائب وزیر داخلہ

Leave a Reply