turky-urdu-logo

ترک صنعتکار ہائی ویلیو ایڈڈ مصنوعات پر توجہ دیں، صدر ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے ترک صنعتکاروں اور تاجروں سے کہا ہے کہ برآمدات بڑھانے کے لئے ہائی ویلیو ایڈڈ مصنوعات پر توجہ دیں۔

"ترکش انوویشن ویک پروگرام” کے آٹھویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ترکی کی نوجوان اور تجربہ کار آبادی کے ہوتے ہوئے ایکسپورٹ کی فی کلو قیمت 1.20 سے 1.30 ڈالر اطمینان بخش نہیں ہے۔ گو کہ 2001 کے مقابلے میں ترک ایکسپورٹس کی فی کلو قیمت دگنی ہو گئی ہے لیکن اس کے باوجود اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے تاجروں اور صنعتکاروں پر زور دیا کہ فی کلو قیمت 2 ڈالر تک لے جائی جائے جس کے بعد اسے 3 ڈالر تک بڑھایا جائے۔

صدر ایردوان نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود اس سال کی تیسری سہ ماہی میں 6.7 فیصد کی معاشی ترقی کو خوش آئندہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسی رفتار سے معیشت ترقی کرتی رہی تو ہم جلد ہی اپنے اہداف حاصل کر لیں گے۔

صدر ایردوان نے مصنوعات کے اعلیٰ معیار پر زور دیا اور کہا کہ دنیا میں اب صرف اور صرف ہائی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی طلب بڑھ رہی ہے۔ روایتی مصنوعات تمام ملک از خود تیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی کثیر القومی کمپنیاں اب ایشیا میں پروڈکشن نیٹ ورک تلاش کر رہی ہیں۔ ترک تاجروں کے پاس یہ بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی پیداواری صلاحتیوں کو بڑھائیں اور جدید مصنوعات کی طرف توجہ دیں۔ ترکی ایشیا اور یورپ کے سنگم پر واقع ہے اور یورپ کی تمام بڑی صنعتیں ترکی کی طرف نگاہیں لگائی بیٹھی ہیں تاہم اب ضرورت ہے کہ تاجر اپنے آپ کو اس بہترین موقع کے لئے تیار کریں۔

انہوں نے اکتوبر اور نومبر میں برآمدات کے اعداد و شمار پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ترکی میں تجارتی خسارہ نہیں ہو گا۔

رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں ترکی کی ایکسپورٹس 152 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں ہیں اور کورونا وائرس کی عالمی وبا کی صورت میں ایکسپورٹ سیکٹر کی کارکردگی بہتر رہی ہے۔

Read Previous

فلسطین کی آزادی تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے، صدر ایردوان

Read Next

ترکی نے قابل تجدید توانائی کے ذرائع 5 ارب ڈالر زرمبادلہ بچا لیا

Leave a Reply