
ترکی کے نائب وزیر داخلہ اسماعیل ستکلی نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں جاپان نے ترک عوام کی جو مدد کی ہے وہ ترکوں کو آج بھی یاد ہے۔
1999 میں مارمرا زلزلے اور 2011 کے وین زلزلے میں جاپان نے سب سے پہلے ترکی کی مدد کی۔ جاپانیوں کی ترکوں سے محبت اور ان کی مدد آج بھی ترک عوام کے ذہنوں میں تازہ ہے۔
انہوں نے یہ بات ترکی جاپان کے مشترکہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار میں قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے پر بات کی گئی۔
ترک نائب وزیر داخلہ نے کہا کہ 1999 کے زلزلے میں جاپانی شہری ڈاکٹر آتوشی میزاکی رضاکارانہ طور پر سرچ اور ریسکیو آپریشن میں شریک تھے جب وہ ایک حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے۔ ترک نائب وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈاکٹر آتوشی کی خدمات سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کس قدر گہرے ہیں۔ ترکی اور جاپان ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے قربانیوں سے دریغ نہیں کرتے۔
جاپان کے مشرقی علاقے میں 2011 میں آنے والے زلزلے میں ترک ریسکیو ٹیم سب سے پہلے علاقے میں پہنچی اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ دونوں ملکوں نے قدرتی آفات میں بڑے نقصان سے بچنے کے لئے ایک دوسرے کی کھل کر مدد کی۔