ترک صدر طیب ایردوان نے کہا ہے کہ کچھ ہمسایہ ممالک ترکی کے معاشی مفادات پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ ان کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میں طیب ایردوان نے کہا کہ مشرقی بحرہ روم کے قدرتی وسائل اور ذخائر پر خطے کے تمام ممالک کا حق ہے لیکن کچھ ہمسایہ ممالک ترکی کو اس کے حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحرہ روم میں ہائیڈرو کاربن کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور ان پر خطے کے تمام ممالک کا حق ہے لیکن کچھ ہمسایہ ممالک چاہتے ہیں کہ ترکی کو اس کے حصے سے محروم کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کسی بھی ملک کے ساتھ کشیدگی نہیں چاہتا لیکن اپنے معاشی مفادات پر کوئی سمجھوتہ بھی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لئے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
صدر طیب ایردوان کے مطابق ٹرکش ری پبلک آف نارتھ سائپرس (شمالی قبرص) پر ترکوں کے حق کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ انہوں نے خطے کے تمام ممالک کو یہاں کے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی تاہم واضح کیا کہ ترکی اپنے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ترکی شمالی قبرص میں ہائیڈرو کاربن کیلئے ڈرلنگ کر رہا ہے۔ دو ترک بحڑی جہاز ڈرلنگ کا کام کر رہے ہیں۔ صدر طیب ایردوان کے مطابق یونانی قبرص کے قدرتی وسائل پر ترکی کے شمالی قبرص کو بھی حق حاصل ہے کہ وہ ان وسائل سے فائدہ اٹھائے۔ واضح رہے کہ ترکی کے شمالی قبرص پر 15 نومبر 1983 میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے بعد اس علاقے کو ایک حد تک آزادی دی گئی تھی تاہم ترکی ابھی تک اس علاقے کی حفاظت کا ذمہ دار ہے۔