turky-urdu-logo

ترکی کو بحرانوں میں دھکیلنے والوں کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے، صدر ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ جو ممالک ترکی کو بحرانوں میں دھکیلنے کے خواب دیکھ رہے ہیں ان کے خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوں گے۔

استنبول کے صدارتی محل سے منیسا انرجی اینڈ نیچرل ریسورسز پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں 1.37 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جس سے ملک بھر میں توانائی سے ہر فرد مستفید ہو رہا ہے۔

انہوں نے ترکی کے دو اہم شہروں سما اور کرکاغس کو جلد قدرتی گیس کی فراہمی کا وعدہ کیا اور کہا کہ تین کروڑ پاوٗنڈ کی لاگت سے 45 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2002 میں جب وہ اقتدار میں آئے تھے اس وقت ترکی کے صرف پانچ بڑے شہروں میں قدرتی گیس کی سہولت تھی جو اب 2020 میں 81 شہروں تک پھیلا دی گئی ہے۔ اس مدت میں ڈیڑھ لاکھ کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کیا۔

انہوں نے کہا اس وقت ملک کی نصف سے زائد آبادی یعنی 5 کروڑ 45 لاکھ شہری قدرتی گیس کی سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا سے جہاں دنیا بھر کے ممالک نے انفرااسٹرکچر کے منصوبے بند کر دیئے تھے وہاں ترکی نے اپنے تمام منصوبے بروقت مکمل کئے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ گذشتہ 18 سال سے جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی تندہی سے عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ مشکلات اور مسائل کے باوجود ہمارا ترقی کا سفر جاری ہے۔

Read Previous

یورپین بینک نے 2020 میں ترکی کو 2 ارب ڈالر کا قرض فراہم کیا

Read Next

ترکی میں تعلیمی سلسلہ 15 فروری سے بحال ہو گا

Leave a Reply